بیگم کلثوم نواز کی نماز جنازہ ادا کردی گئی. تمام سیاسی جماعتوں کے راہنما شریک

پاکستان

سابق وزیراعظم نواز شریف کی اہلیہ بیگم کلثوم نواز کی نماز جنازہ جاتی امرا میں ادا کردی گئی۔

جاتی امرا میں شریف خاندان کے افراد نے مرحومہ کا آخری دیدار کیا جس کے بعد میت کو جنازہ گاہ لایا گیا۔

جاتی امراء کے شریف میڈیکل سٹی گراؤنڈ میں معروف عالم دین مولانا طارق جمیل نے بیگم کلثوم نواز کی نماز جنازہ پڑھائی اور دعا کی۔

جیو نیوز کے مطابق جنازے میں مسلم لیگ (ن) کے راجہ ظفر الحق، رانا ثنااللہ، دانیال عزیز، امیر مقام، اقبال ظفر جھگڑا، مشاہد حسین سید، سابق صدر ممنون حسین، سابق اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق، سابق اسپیکر پنجاب اسمبلی رانا اقبال اور دیگر پارٹی رہنماؤں نے شرکت کی۔

وفاقی حکومت کی طرف سے گورنر پنجاب چوہدری سرور اور اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے جنازے میں شرکت کی جب کہ دیگر جماعتوں میں اسپیکر پنجاب اسمبلی اور (ق) لیگ کے رہنما چوہدری پرویز الٰہی، (ق) لیگ کے صدر چوہدری شجاعت حسین، کامل علی آغا، پشتونخوا میپ کے محمود اچکزئی، ایم کیوایم کے خالدمقبول صدیقی سمیت دیگر بھی جنازے میں شریک ہوئے۔

اس کے علاوہ سیکیورٹی حکام کی جانب سے کارکنان کو روکنے کی کوششیں ناکام ہوگئیں اور مسلم لیگ (ن) کے کارکنان کی بڑی تعداد جنازہ گاہ پہنچ گئی۔

نماز جنازہ کے بعد میت کو ایمبولینس میں رکھ کر قبرستان کی طرف لے جایا جارہا ہے جہاں کلثوم نواز کی تدفین کے انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں۔

بیگم کلثوم نواز کو ان کے سسر میاں محمد شریف کے پہلو میں سپرد خاک کیا جائے گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے